مہر خبررساں ایجنسی نے روسی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران وینزویلا کے سیاسی گروپوں کے درمیان اختلافات کو حل کرنے اور ملک میں قیام امن کے حوالے سے گفتگو کی۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے وینزویلا کی سیاسی صورتحال کی بحالی سمیت اقتصادی اور سماجی مسائل کے حل، اور اس ملک میں قیام امن و استحکام کے حوالے سے اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق بین الاقوامی کوششوں کی حمایت پر اتفاق کیا ہے۔
اس کے علاوہ ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون کے حوالے سے متعدد تجاویز پیش کی ہیں۔
یاد رہے کہ وینزویلا میں سیاسی بحران کا آغاز اپوزیشن لیڈر گوائیڈو کی جانب سے نگراں صدر بننے کے دعویٰ سے ہوا تھا۔ امریکہ نے فوری طور پر خود ساختہ صدر کی حمایت کا اعلان کیا جس پر قانونی صدر مادورو نے امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا۔
دنیا کے مختلف ممالک بالخصوص اسلامی جمہوریہ ایران، روس، چین اور ترکی نے وینزویلا کی حکومت اور صدر نکولس ماڈورو کی حمایت کرتے ہوئے وینزویلا کے اندورنی معاملات میں بیرونی مداخلت کی شدید مذمت کی ہے۔
آپ کا تبصرہ